کراچی: ایف بی آر کو دیے گئے اضافی اختیارات کے خلاف پاکستان کی بزنس کمیونٹی نے 19 جولائی کو ملک گیر پرامن ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر جاوید بلوانی نے کہا ہے کہ کراچی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، کوئٹہ، راولپنڈی اور پشاور کے چیمبرز ایف بی آر کے خلاف ایک صفحے پر ہیں اور 19 جولائی کو مکمل پرامن ہڑتال کی جائے گی۔
جاوید بلوانی نے کہا کہ ایک روزہ ہڑتال کے بعد مرحلہ وار ہڑتالوں کا سلسلہ شروع کیا جائے گا، جبکہ کراچی کے ساتوں صنعتی زون مکمل طور پر بند رہیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت خزانہ نے ایف بی آر کے اضافی اختیارات کے حوالے سے بزنس کمیونٹی سے کوئی مشاورت نہیں کی۔ بزنس کمیونٹی کا مطالبہ ہے کہ وزارت خزانہ فوری طور پر ایف بی آر کے اختیارات کے تحت شامل شق 37 اے، 37 بی اور سیکشن 21 کو واپس لے۔