پنجاب کی صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون کے دوسرے اسپیل کے تحت پنجاب سمیت کئی علاقوں میں جاری موسلادھار بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ اتھارٹی کے مطابق یہ سلسلہ 13 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں 7 گھنٹے مسلسل جاری رہنے والی ریکارڈ توڑ بارش کے دوران 180 ملی میٹر بارش ہوئی، جس سے شہر کے کئی علاقوں میں شہری سیلاب کی صورتحال پیدا ہو گئی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق تمام بڑی سڑکوں، انڈرپاسز اور نشیبی علاقوں سے بارش کا پانی فوری طور پر نکال دیا گیا۔ اس عمل میں واسا اور ضلعی انتظامیہ نے فعال کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام متعلقہ ادارے فیلڈ میں موجود رہے تاکہ نکاسی آب کا نظام مؤثر طریقے سے چلتا رہے‘۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق آئندہ دنوں میں لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژنز میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ ادارے، بشمول واسا، ریسکیو 1122 اور مقامی انتظامیہ، چوبیس گھنٹے متحرک ہیں۔شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
ڈی جی عرفان کاٹھیا نے خصوصی طور پر پرانی اور کمزور عمارتوں میں رہنے سے گریز کی ہدایت کی ہے، کیونکہ زیادہ تر ہلاکتیں عمارتیں گرنے سے ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مون سون سیزن کے دوران اب تک 36 افراد جاں بحق اور 96 زخمی ہو چکے ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق، 42 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ 4 مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
پنجاب حکومت نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بچوں کو بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رہنے کی ہدایت کی اور شہریوں کو ہوشیار رہنے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بروقت احتیاطی تدابیر جان و مال کے تحفظ میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
پاکستان بھر میں مزید بارش کی پیش گوئی
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کی رات پنجاب، اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا، شمالی و جنوبی بلوچستان، اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں شدید بارش کا امکان ہے، جبکہ خیبر پختونخوا کے علاقوں سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور باجوڑ میں بھی موسلادھار بارشیں متوقع ہیں۔ پنجاب کے شہروں راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی ہے۔
بلوچستان کے کوئٹہ، ژوب، لورالائی اور ڈیرہ بگٹی میں بھی موسلا دھار بارش کا خدشہ ہے، جبکہ سندھ کے ساحلی اور وسطی علاقوں، بشمول حیدرآباد اور خیرپور میں بھی بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
دوسری جانب، سندھ اور بلوچستان کے دیگر علاقوں میں گرمی اور حبس کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم بعض مقامات پر ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔
حکام کی جانب سے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں، طوفانی موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورت حال میں مقامی ریسکیو اداروں سے فوری رابطہ کریں۔