پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے اسلام آباد میں اہم ملاقات کی، جس میں خیبرپختونخوا کے سینیٹ انتخابات سے متعلق مشاورت اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹ انتخابات سے قبل خیبرپختونخوا میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہو گئی ہیں۔ پیپلز پارٹی کا وفد مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کے لیے ان کی رہائش گاہ پہنچا، جہاں دونوں جماعتوں کے قائدین کے درمیان سینیٹ کی نشستوں پر بات چیت ہوئی۔
ملاقات میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، سید خورشید احمد شاہ، ظاہر شاہ، اکرم خان درانی، مولانا لطف الرحمٰن، مولانا اسعد محمود، زاہد درانی، اسجد محمود اور دیگر رہنما شریک تھے۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے دیرینہ تعلق ہے، سینیٹ انتخابات ہونے جا رہے ہیں، جو باتیں پہلے طے ہوئیں تھیں ان پر عمل کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اس موقع پر کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے بات چیت ہوئی ہے، ہمارا ٹارگٹ 5 سیٹیں ہیں، ایک جنرل سیٹ مولانا کو اور مخصوص سیٹ پیپلز پارٹی کو ملے گی، اگر ایک بھی ممبر زیادہ ہوا تو عدم اعتماد آ سکتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی کوشش ہے کہ ہارس ٹریڈنگ نہ ہو، ہم چاہتے ہیں کہ مل کر سینیٹ الیکشن لڑیں۔ کل بلوچستان میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو مل کر امن قائم کرنا ہوگا۔