ویب ڈیسک۔ بھارت میں انتہا پسند عناصر کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے بعد پاکستان نے اپنی قومی ہاکی ٹیم کو ایشیا کپ ٹورنامنٹ کے لیے بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان کی ہاکی ٹیم بھارت میں ہونے والے ایشیا کپ میں شرکت نہیں کرے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھا ہے، لیکن افسوس کہ بھارت نے کھیل کو سیاست کا شکار بنا کر متنازعہ بنایا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی میڈیا مسلسل پاکستان کے خلاف نفرت انگیز مہم چلا رہا ہے، جب کہ انتہا پسند تنظیمیں پاکستانی ہاکی ٹیم کو کھلے عام دھمکیاں دے رہی ہیں۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بھارت میں موجود سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پاکستانی کھلاڑیوں کو وہاں بھیجنا ممکن نہیں ہے۔