EU-Pak Friendship Federation Europe کے چیئرمین ڈاکٹر پرویز اقبال لوہسر (تمغہ الخدمت) نے سویڈش پارلیمنٹ میں ممبر پارلیمنٹ اور انٹر پارلیمنٹری یونین (IPU) وفد کے ڈپٹی چیئرمین مسٹر Serkan Köse سے ملاقات کی۔ یہ ملاقات “مشن پاکستان” سیریز کا پانچواں حصہ تھی، جس کا مقصد پاکستان کے عالمی امیج کو فروغ دینا اور اس کے بین الاقوامی اتحاد کو مضبوط بنانا ہے۔
مسٹر کوس نے ڈاکٹر لوہسر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور عالمی سطح پر مکالمے اور تعاون کے فروغ میں ان کی مستقل کوششوں کو سراہا۔ ملاقات کے دوران ڈاکٹر لوہسر نے پاک بھارت صورتحال اور تنازع کے بعد کے تناظر میں تفصیلی تجزیہ پیش کیا۔ مسٹر کوس نے پاکستان کے بروقت اور دانشمندانہ ردعمل کی تعریف کی اور پاکستان کی افواج کو “عالمی سطح پر ایک ذمہ دار فوج” قرار دیا۔
ڈاکٹر لوہسر نے پاکستان کے چیف آف آرمی اسٹاف، فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ کامیاب دورۂ امریکہ کو پاکستان کی خارجہ پالیسی میں ایک اہم موڑ قرار دیتے ہوئے اس کی اہمیت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج قومی اتحاد و استحکام کی علامت ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر احمد شریف چوہدری کا دورۂ جامعہ آزاکشمیر کے موقع پر خطاب
ملاقات میں پاکستان اور سویڈن کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ ڈاکٹر لوہسر نے مسٹر کوس کو EU-Pak Friendship Federation Europe کے زیر اہتمام آئندہ بین الاقوامی سیمینار کے بارے میں آگاہ کیا، جس کا موضوع “دنیا کی جغرافیائی سیاسی محرکات کو تبدیل کرنے” ہوگا، جہاں عالمی فکر کے رہنماؤں اور پالیسی سازوں کو اکٹھا کیا جائے گا۔
ڈاکٹر لوہسر نے مزید بتایا کہ جلد ہی EU-Pak Friendship Federation Europe کے اشتراک سے سویڈش پارلیمنٹ میں ایک بزنس سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو فروغ دینا اور نئے تجارتی امکانات تلاش کرنا ہے۔
یہ دورہ یورپ میں پاکستان کے سفارتی روابط کو مضبوط کرنے اور عوامی و ادارہ جاتی سطح پر تعلقات کو بڑھانے کی جانب ایک اہم قدم کی حیثیت رکھتا ہے۔