لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نظام زندگی متاثر

لاہور، اسلام آباد سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش، نظام زندگی متاثر

لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں تیز اور ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے جس سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہونے سے نظام زندگی بھی مفلوج ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سپیل 17 جولائی تک برقرار رہے گا، آج بھی ملک کے مختلف شہروں میں کہیں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے اور کہیں پھوار پڑے گی۔

لاہور میں وقفے وقفے سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش برسنے کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث حبس کی شدت میں کمی آئی ہے، کم سے کم درجہ حرارت 27 جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے

لاہور کے علاقے گلبرگ، کلمہ چوک، ماڈل ٹاؤن، گڑھی شاہو، ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ ، جیل روڈ اور فیروز روڈ، شمالی لاہور میں بارش سے ئی فیڈرز ٹرپ کر گئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا شہر کا ہنگامی دورہ، صورتحال کا جائزہ لیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے شہر کا ہنگامی دورہ کیا اور انتظامیہ کو پانی کی نکاسی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے صفائی کے انتظامات کا بھی جائزہ لیا ۔

یہ بھی پڑھیں : مون سون بارشوں کا نیا اسپیل، ملک بھر میں بادل پھر برسنے کو تیار

فیصل آباد شہر اور گردونواح میں بارش کے ساتھ ٹھنڈی ہوائیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے نہ صرف گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے بلکہ موسم بھی خوشگوار ہو گیا ہے۔

دوسری جانب اوکاڑہ میں آسمانی بجلی گرنے سے لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، صحبت پور میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش سے گرڈ اسٹیشن کا مین ٹرانسمیشن لائن ٹاور گر گیا، بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ٹانک کے پہاڑوں پر بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آ گئی، سیلابی ریلا ٹانک میں داخل ہو گیا، متعدد گھروں اور دکانوں کو نقصان پہنچا، ایک خاتون سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے، سیلابی ریلے کے باعث جنوبی وزیرستان شاہراہ بند ہو گئی۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان میں بارشوں کے باعث 28 جون سے اب تک خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق ہوئے، طوفانی بارشوں اور سیلابی صورتحال سے مختلف اضلاع میں 58 مکانات کو نقصان پہنچا، خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز بارش کے باعث 4 افراد جاں بحق ہوئے۔

ادھر ڈیرہ غازی خان، کمالیہ، کوہلو میں موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں، گلی محلوں میں کئی فٹ پانی جمع ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

واضح رہے کہ رات سے ڈیرہ غازی خان، تونسہ اور کوہ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں بھی پانی داخل ہوگیا۔

کمالیہ میں موسلادھار بارش سے کچہری، اسسٹنٹ کمشنر آفس، اقبال بازار سمیت متعدد سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے جبکہ متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے کئی علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی، ماموں کانجن روڑ کے اطراف سیوریج لائن بری طرح متاثر ہے۔

گجرات، حافظ آباد، سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کوہلو شہر میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

تونسہ میں 20 بستیاں زیرِ آب

ادھر مغربی جانب کوہ سلیمان کے پہاڑوں سے آنے والے برساتی نالے بھی تونسہ کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی بجا رہے ہیں ، تونسہ کے مشرقی علاقے میں 20 سے زائد کچی بستیاں زیرِ آب آ چکی ہیں جبکہ لوگ خوف زدہ ہیں اور کئی خاندان محفوظ مقام کی تلاش میں نکل پڑے ہیں۔

انتظامیہ کا دعویٰ ہے کہ انتظامات مکمل ہیں لیکن لوگ باہر باہر آنے کے لیے آمادہ نہیں ہیں، پانی نے کئی علاقوں کا زمینی رابطہ کاٹ دیا اور لوگ اپنے مال مویشی سمیت خطرے میں گھرے ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں مون سون بارشوں کا سپیل ، لینڈسلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے، جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہے گا، راولپنڈی، مری اور گلیات میں بھی ہلکی سے درمیانی بارش متوقع ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کی امید ہے۔

خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے کئی اضلاع میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود اور مرطوب رہے گا، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، دیر، چترال، سوات، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، ایبٹ آباد، تورغر، مانسہرہ، بٹگرام، شانگلہ، کوہستان، کرم، خیبر، مہمند، اورکزئی، کوہاٹ، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، شمالی و جنوبی وزیرستان میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ چترال، سوات، شانگلہ، بونیر، مانسہرہ، کوہستان، تورغر، بٹگرام اور دیگر بالائی اضلاع میں ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔

سندھ، بلوچستان میں صورتحال

سندھ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا، تاہم عمرکوٹ، مٹھی، سکھر اور لاڑکانہ میں بارش کی توقع ہے، بلوچستان میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے، غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور نشیبی علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *