وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں طوفانی بارشوں کے باعث پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں غیر معمولی طوفانی بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر “رین ایمرجنسی” نافذ کر دی گئی ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ سرکاری ادارے پوری محنت اور جذبے کے ساتھ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ عوام کو بروقت سائرن اور دیگر ذرائع سے آگاہ کیا جائے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے پہلے ضروری اقدامات کیے جا سکیں۔
وزیر اعلیٰ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اداروں سے مکمل تعاون کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی جانی یا مالی نقصان سے بچا جا سکے-
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اسپتالوں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت دی ہے اور تمام فیلڈ اسپتالوں و طبی مشینری کو متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر پہنچانے کا حکم دیا ہے، انہوں نے پولیس کو گشت بڑھانے اور امدادی کارروائیوں میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کی ہدایت بھی جاری کی۔
دوسری جانب راولپنڈی میں بارش کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں کل رات سے ہونے والی موسلا دھار بارش کے باعث نالہ لئی میں پانی کی سطح بلند ہونے کے باعث خطرے کے الارم بجا دیئے گئے ہیں اور قریبی آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں سے ہونے والے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف حادثات کے نتیجے میں صوبے بھر میں 63 افراد جاں بحق اور 290 زخمی ہو چکے ہیں۔