اسلام آباد: پاک فوج نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ملک بھر میں وسیع پیمانے پر فضائی ریسکیو آپریشن شروع کر دیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں فوری ردعمل کے تحت متعدد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز نے دشوار گزار علاقوں میں امدادی سرگرمیاں انجام دیں۔ گاؤں چکری راجن میں تین افراد کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ چکوال اور خانپور میں فضائی ریسکیو آپریشن کے ذریعے 27 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔
چک مونجو کے علاقے میں ریسکیو آپریشن کے دوران 10 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا گیا۔ ڈھوک بھدر کے علاقے میں ایک اور کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 31 متاثرین کو نکالا گیا۔
داراپور میں فضائی ریسکیو مشنز میں 38 شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔ متاثرین کو لائف جیکٹس اور فوری امداد کی فراہمی بھی کی جا رہی ہے۔