وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں وزارت داخلہ کے تمام ذیلی اداروں کے مابین باہمی تعاون بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری، سیکرٹری داخلہ، نادرا، ایف آئی اے، رینجرز، فرنٹیئر کور، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور اسلام آباد پولیس کے سربراہان نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ادارے ایک دوسرے کی استعداد کار سے بھرپور فائدہ اٹھائیں تاکہ عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔
انہوں نے انفارمیشن اور ڈیٹا کے بروقت تبادلے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک سفارت خانوں میں تعینات افسران وزارت کے دیگر اداروں کو بھی معاونت فراہم کر سکتے ہیں، اس لیے تمام اداروں کی افرادی قوت سے بھرپور استفادہ کرنا ہو گا۔
محسن نقوی نے ہدایت کی کہ تربیتی کورسز میں صرف میرٹ پر پورا اترنے والے افسران کو نامزد کیا جائے تاکہ ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مؤثر اضافہ ممکن ہو، انہوں نے تمام اداروں کو اس حوالے سے اپنی سفارشات جلد از جلد پیش کرنے کی ہدایت کی، جن کی روشنی میں سیکرٹری داخلہ ایک جامع پلان مرتب کریں گے۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بہتر کوآرڈینیشن نہ صرف عوام کے لیے فائدہ مند ہو گی بلکہ حکومتی سطح پر بھی مؤثر نتائج دے گی،اس اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چو ہدری، سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، نادرا، اینٹی نارکوٹکس کنٹرول، ایف آئی اے، فرنٹیئر کور، فرنٹیئر کانسٹیبلری، رینجرز، نیشنل پولیس اکیڈمی، نیشنل پولیس بیورو، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی اور اسلام آباد پولیس کے سربراہان نے شرکت کی۔