انسدادِ بدعنوانی عدالت نے چیئرمین سینٹ اور سابق وزیرِاعظم یوسف رضا گیلانی کو ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے میگا کرپشن اسکینڈل سے متعلق باقی تمام مقدمات میں بھی بری کر دیا ہے۔
عدالت نے 14 مقدمات میں گیلانی کی بریت کا فیصلہ سنایا، جو چند روز قبل ان کے 12 مقدمات میں بری ہونے کے بعد سامنے آیا۔
اس طرح یوسف رضا گیلانی پر قائم 26 مقدمات میں بریت ہو چکی ہے،عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ملزم کے ذاتی کھاتوں میں کسی بھی رقم کی منتقلی کا کوئی ثبوت موجود نہیں اور یہ بھی کہا کہ ملزمان گزشتہ 12 سال سے انصاف کے منتظر تھے۔
یہ خبر بھی پڑھیں :ٹڈاپ کرپشن کیس : یوسف رضا گیلانی3 مقدمات میں باعزت بری
عدالت نے مقدمے کے طریقہ کار پر بھی تنقید کی اور کہا کہ ایک اہم گواہ جو وعدہ معاف گواہ بن چکا تھا بعد میں اسے بھی ملزم بنا دیا گیا جب کہ بعض مقدمات کا ریکارڈ تاحال ہائی کورٹ میں زیر التوا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل کی تحقیقات 2009 میں شروع کی تھیں اور 2013 میں باقاعدہ مقدمات درج کیے گئے،یوسف رضا گیلانی کو 2015 میں حتمی چالان کے ذریعے باضابطہ طور پر ملزم نامزد کیا گیا تھا۔