پاکستان کی آئی ٹی کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

پاکستان کی آئی ٹی  کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

اسلام آباد۔ وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، شزہ فاطمہ خواجہ نے جمعہ 18 جولائی کو اعلان کیا ہے کہ مالی سال 2024-25 میں پاکستان کی آئی ٹی، آئی ٹی ای ایس اور فری لانسرز کی برآمدات 4.6 ارب ڈالر کی تاریخی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

اس نمایاں کامیابی کے ساتھ ملک میں آئی ٹی برآمدات میں مجموعی طور پر 26.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

شزہ فاطمہ خواجہ نے لنکڈ اِن پر ایک پیغام میں اس پیش رفت کو وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی توجہ اور حکومت کے مربوط اور مشترکہ اقدامات کا نتیجہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے براہ راست پانچ اہم شعبوں میں فیصلہ کن اقدامات کیے جن کے باعث اس شعبے میں غیرمعمولی ترقی ممکن ہوئی۔ ان شعبوں میں پاکستان کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کرنا، ٹیلنٹ اور انفرااسٹرکچر میں سرمایہ کاری، پالیسی کے ذریعے تحفظ اور معاونت فراہم کرنا، مستحکم اور تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی یقینی بنانا، اور قومی ڈیجیٹلائزیشن، ڈیجیٹل معیشت اور کیش لیس پاکستان کے اقدامات شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: چینی ماہرین کی بھارت سے واپسی، ’میڈ اِن انڈیا‘ کا فریب کھل کر سامنے آگیا، آئی ٹی اور الیکٹرانکس صنعت بیٹھ گئی

شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ یہ ترقی قیادت کی بصیرت ، جرات مندانہ پالیسی سازی اور پاکستان کی ٹیکنالوجی کمپنیوں، اسٹارٹ اپس، فری لانسرز اور ریموٹ ورکروں کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان تمام عناصر نے مل کر پاکستان کو ایک عالمی ٹیک قوت بنانے میں اہم کردار ادا کیا، جس میں ٹیلی کام انفرااسٹرکچر فراہم کرنے والے اداروں کی معاونت بھی شامل ہے۔

وفاقی وزیر نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ پاکستان آئی ٹی برآمدات کے میدان میں مسلسل ترقی کے ساتھ 2030 تک 15 ارب ڈالر کا ہدف حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *