اسلام آباد ، شراب اور اسلحہ برآمدگی کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے کیس پر سماعت کی، علی امین گنڈاپور کے وکیل نے دلائل دیے کہ علی امین گنڈاپور 23 ستمبر تک ہر طرح کے کیسز پر ضمانت پر ہیں۔
وکیل نے کہا کہ گزارش ہے کہ ستمبر کی کوئی تاریخ دے دیں۔
فاضل جج نے کہا کہ آپ آرڈر کا انتظار کریں، بعدازاں عدالت نے علی امین گنڈاپور کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کردی اور ان کے گرفتاری کے وارنٹ جاری کردیے۔
واضح رہے کہ اکتوبر 2016 میں اسلام آباد پولیس نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے بنی گالا کے باہر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما کی گاڑی سے 5 کلاشنکوف اسالٹ رائفلز، ایک پستول، 6 میگزین، ایک بلٹ پروف جیکٹ، شراب اور آنسو گیس کے تین گولے برآمد کیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے پولیس کے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دو لائسنس یافتہ کلاشنکوف رائفلوں کے ساتھ سفر کر رہے تھے، اور گاڑی میں اسلحہ کا لائسنس موجود تھا۔
انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا تھا کہ وہ شراب کی بوتل میں شہد لے کر جا رہے تھے جسے پولیس اہلکاروں نے ضبط کر لیا۔