وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیبرپختونخوا کے حساس علاقے بکا خیل میں واقع پولیس تھانے پر فنتۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس کے افسران و اہلکاروں کی بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اور قربانی کے جذبے کو بھرپور انداز میں سراہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس کے جوانوں نے ایک بار پھر دشمن کی ناپاک سازش کو خاک میں ملا دیا اور ثابت کر دیا کہ پاکستانی فورسز ملک کے دفاع کے لیے ہر لمحہ تیار، چوکنا اور پوری قوت سے میدان میں موجود ہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں :دشمن اب کسی بھی مس ایڈونچر سے قبل سو بار سوچے گا ، محسن نقوی
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جس دلیری اور استقامت سے پولیس اہلکاروں نے بھارت کے آلہ کار دہشتگردوں کے اس بزدلانہ حملے کا مقابلہ کیا وہ پوری قوم کے لیے باعثِ فخر اور قابلِ تحسین ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے حملہ آوروں کو نہ صرف منہ توڑ جواب دیا بلکہ اپنی جانوں کی پرواہ کیے بغیر تھانے کی حفاظت کرتے ہوئے ایک بڑے انسانی المیے کو بھی روک دیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کی تازہ ترین مثال ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس کے بہادر سپاہی ہر دور میں دشمن کے حملوں کو مردانہ وار پسپا کرتے آئے ہیں۔
ماضی میں بھی ان کی قربانیاں ملکی سلامتی اور امن و امان کی بحالی میں سنگ میل رہی ہیں اور حالیہ حملے میں ان کی جانب سے دی جانے والی مزاحمت ایک اور شاندار باب ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم کو اپنے ان بیٹوں پر ناز ہے جنہوں نے اپنی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر دہشتگردوں کو ناکام بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی رِٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔