محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم محرم 17 جون بروز بدھ جبکہ یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ ہوگا۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق لاہور کی بادشاہی مسجد میں مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت چیئرمین کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے اراکین اور محکمہ موسمیات کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق زونل کمیٹی اسلام آباد کا اجلاس کوہسار بلاک اسلام آباد میں ہوا، جبکہ پشاور میں بھی محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے زونل کمیٹی کا اجلاس منعقد کیا گیا۔
چیئرمین مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے باضابطہ اعلان کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے چاند کی رویت سے متعلق کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا یکم محرم 17 جون بروز بدھ اور یوم عاشور 26 جون بروز جمعہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں چاند دیکھنے کا وقت شام 7 بجکر 12 منٹ سے 7 بجکر 52 منٹ تک مقرر تھا۔ محکمہ موسمیات نے مزید بتایا کہ چاند کی پیدائش آج صبح 7 بجکر 54 منٹ پر ہوئی تھی، جبکہ چاند کی عمر تقریباً 11 گھنٹے 45 منٹ تھی جو نظر آنے کے لیے ناکافی قرار دی گئی۔