مشہور998 سی سی ہیچ بیک سوزوکی کلٹس کے خریداروں کے لیے اب آسان اقساط پر گاڑی لینا مزید سہل ہو گیا ہے، کیونکہ بینک الفلاح اور میزان بینک نے 5 سالہ فنانسنگ پلانز متعارف کرا دیے ہیں۔ دونوں بینک 30 فیصد ایڈوانس لیتے ہیں، مگر ماہانہ قسط میں خاصا فرق سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:سوزوکی کلٹس کی نئی قیمتوں کا اعلان کر دیا گیا
پاک سوزوکی کے یکم جولائی 2025 سے نافذ شدہ قیمتوں کے مطابق، کلٹس وی ایکس آر کی ایکس-فیکٹری قیمت روپے 40,89,490 اور اعلیٰ ماڈل ’وی ایکس ایل‘ کی قیمت 43,59,160 روپے مقرر کی گئی ہے۔ انہی قیمتوں کی بنیاد پر دونوں بینک گاڑی کی 70 فیصد قیمت کی فنانسنگ کرتے ہیں مگر ان کے طریقے مختلف ہیں۔
بینک الفلاح سے روایتی قرض، زیادہ ماہانہ قسط
بینک الفلاح کا روایتی آٹو لون پلان کلٹس وی ایکس آر پر تقریباً 28.6 لاکھ روپے کی فنانسنگ فراہم کرتا ہے، جب کہ 30 فیصد ایڈوانس تقریباً 12.3 لاکھ روپے بنتا ہے۔ موجودہ ویری ایبل شرح (ایک سالہ کے آئی بی او آر+ بینک اسپریڈ) کے مطابق، ماہانہ قسط تقریباً 84,000 روپے بنتی ہے۔
پہلے سال کی انشورنس، رجسٹریشن، اور پراسیسنگ چارجز شامل کرنے پر خریدار کو ابتدائی طور پر تقریباً 13.2 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے۔ 5 سال کے دوران کل ادائیگی تقریباً 62.7 لاکھ روپے تک پہنچتی ہے۔
میزان بینک، شریعت کے مطابق آسان اقساط
دوسری جانب میزان بینک کا اسلامی کار اجارہ پلان بھی 30 فیصد سیکیورٹی ڈپازٹ یعنی تقریباً 12.3 لاکھ روپے مانگتا ہے، مگر اس کا ماہانہ قسط 68,211 روپے بتایا گیا ہے، جو بینک الفلاح کی قسط سے خاصا کم ہے۔
پراسیسنگ فیس صرف 3,100 روپے ہے، جب کہ پہلا سالانہ ود ہولڈنگ ٹیکس میزان خود برداشت کرتا ہے۔ انشورنس چارجز بھی کرایہ میں شامل ہیں، جس سے مجموعی ابتدائی لاگت نسبتاً کم رہتی ہے۔
5 سال کی مدت میں میزان بینک کا کل پلان تقریباً 59.7 لاکھ روپے پر ختم ہوتا ہے، جو بینک الفلاح کے مقابلے میں تقریباً 3 لاکھ روپے کم ہے۔
معاشی فیصلے سے پہلے کیا سوچیں؟
اسٹیٹ بینک کے قوانین کے تحت 1,000سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے فنانسنگ زیادہ سے زیادہ 5 سال تک ہو سکتی ہے۔ دونوں بینک قبل از وقت ادائیگی کی اجازت دیتے ہیں، لیکن معمولی جرمانہ عائد کر سکتے ہیں۔
کیبور کی شرح میں ممکنہ تبدیلی، انشورنس یا چارجز مستقبل میں قسطوں کو متاثر کر سکتے ہیں، اس لیے خریداروں کو حتمی فیصلہ کرنے سے پہلے دونوں بینکوں کے آن لائن کیلکولیٹرز ضرور چیک کرنے چاہئیں۔
اگر آپ سوزوکی کلٹس پر آسان اقساط کے منصوبے کا موازنہ کر رہے ہیں تو نتیجہ سادہ ہے، ایک جیسا ایڈوانس، مگر 2 مختلف ماہانہ ادائیگیاں ہیں۔
وہ خریدار جو شریعت کے مطابق قسط کی ادائیگی کو ترجیح دیتے ہیں، ان کے لیے میزان بینک بہتر آپشن ہو سکتا ہے۔ دوسری جانب، وہ لوگ جو بالون پیمنٹ یا ریذیڈیول ویلیو آپشنز چاہتے ہیں، بینک الفلاح کو ترجیح دے سکتے ہیں۔
کسی بھی پلان پر دستخط کرنے سے پہلے، مارک اپ ریٹ، پراسیسنگ فیس، اور انشورنس کا تازہ ترین کوٹیشن لازمی چیک کریں۔