بھارتی ایئرلائن ایئرانڈیا کی بدقسمتی ختم نہ ہوسکی، ہانگ کانگ سے دہلی واپس آنے والے طیارے میں لینڈنگ کے دوران آگ بھڑک اٹھی۔
تفصیلات کے مطابق ہانگ کانگ سے آنے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں منگل کو دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترنے کے فوراً بعد آگ لگ گئی، واقعے کے بعد تمام مسافروں اور عملے کے ارکان کو بحفاظت نکال لیا گیا جبکہ آگ سے طیارے کو معمولی نقصان پہنچا۔
یہ واقعہ فلائٹ AI 315 میں پیش آیا، جو 22 جولائی کی شام دہلی پہنچی تھی، ہوائی جہاز کے آکزلری پاور یونٹ (اے پی یو) میں اس وقت آگ لگی جب یہ گیٹ کے ساتھ کھڑی تھی اور مسافروں نے اترنا شروع کیا تھا۔
واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے، ایئر انڈیا کے ترجمان نے کہا کہ 22 جولائی 2025 کو ہانگ کانگ سے دہلی پہنچنے والی فلائٹ AI 315 کے پاور یونٹ (APU) میں آگ لگ لگی۔
ایئر انڈیا کے ڈریم لائنر کی ریاض میں ہنگامی لینڈنگ، تمام مسافر محفوظ خیال رہے کہ ایک دن پہلے بھی بارش کے دوران ایئر انڈیا کا طیارہ رن وے پر پھسل کر اتر گیا جس کے نتیجے میں 3 پہیے پھٹ گئے تھے، ایئر انڈیا حکام کا کہنا تھا کہ طیارہ تیز بارش کے باعث پھسل کر رن وے سے اترا، تمام مسافر محفوظ ہیں۔
حکام کا کہنا تھا کہ طیارے کے 3 پہیے پھٹ گئے، انجن کو بھی نقصان پہنچا ہے، پرواز کوچی سے ممبئی آرہی تھی، طیارے کو گراؤنڈ کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھارتی شہر احمد آباد میں بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے گر کر تباہ ہونے کے بعد ایئر انڈیا کی سخت جانچ پڑتال کی گئی تھی جس میں 260 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
یورپی یونین ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے اس ماہ کے شروع میں کہا تھا کہ وہ اپنی بجٹ ایئر لائن، ایئر انڈیا ایکسپریس کی چھان بین کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔