پشاور: کوہستان کرپشن اسکینڈل کے 9 ملزمان نے پلی بارگین کے لیے درخواستیں جمع کرا دی ہیں، رقم کے تعین کے بعد ملزمان کی یہ درخواستیں چیئرمین نیب کو بھجوائی جائیں گی۔
تفصیلات کے مطابق کوہستان کرپشن اسکینڈل کے 9 ملزمان نے نیب کو پلی بارگین کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق، ملزمان کے منقولہ اور غیر منقولہ اثاثوں کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔
ذرائع نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان پر واجب الادا رقم کا تعین کیا جا رہا ہے، اور رقم کی حتمی تعیین کے بعد ان کی درخواستیں چیئرمین نیب کو ارسال کی جائیں گی۔ پلی بارگین کی چیئرمین نیب سے منظوری کے بعد درخواست احتساب عدالت میں دائر کی جائے گی۔
یاد رہے کہ کوہستان کرپشن کیس میں گرفتار کنٹریکٹر محمد ایوب نے دورانِ تفتیش اعظم سواتی سمیت دیگر بااثر افراد سے ہونے والی ڈیلز کا انکشاف کیا تھا۔ اس کے بعد نیب نے کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے کے اثاثے برآمد کیے، جن میں گاڑیاں، سونا اور نقدی شامل ہے۔
نیب کی کارروائی کے دوران 25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد اور منجمد کیے گئے، جن میں ایک ارب روپے سے زائد کی نقد رقم، غیر ملکی کرنسی، تین کلو سونا شامل ہے، جبکہ 73 بینک اکاؤنٹس منجمد کیے گئے اور 5 ارب روپے کی رقم برآمد کی گئی۔ 77 لگژری گاڑیوں کی مجموعی مالیت 94 کروڑ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔