پنجاب سیف سٹی اتھارٹی (پی ایس سی اے) نے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں شہریوں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ گاڑی خریدنے سے پہلے اس کا ای چالان ریکارڈ ضرور چیک کریں۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ گاڑی بیچنے کے بعد فوری طور پر نئی ملکیت کی منتقلی ضروری ہے، تاکہ بعد میں کسی بھی قانونی یا مالی پریشانی سے بچا جا سکے، جیسے کہ پرانے چالان یا خلاف ورزیاں۔
اگر ای چالان جمع نہ کرایا گیا ہو تو قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ فروخت کنندگان کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گاڑی فروخت کرنے کے فوراً بعد اس کی ملکیت خریدار کے نام پر منتقل کر دیں، بصورتِ دیگر اگر نئی گاڑی سے کوئی خلاف ورزی ہوتی ہے تو سابقہ مالک کو جوابدہ ٹھہرایا جا سکتا ہے۔
چالان جمع کروانے کے لیے حکومت پنجاب کی e Pay Punjab موبائل ایپ کا استعمال کیا جا سکتا ہے جو ایک آسان، محفوظ اور تیز آن لائن ادائیگی کا ذریعہ ہے۔