سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کو گرفتار کر لیا گیا

سابق صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت کو گرفتار کر لیا گیا

سابق صوبائی وزیر قانون  بشارت راجہ کو الیکشن ٹربیونل میں پیشی کے دوران گرفتار کر لیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بشارت راجہ راولپنڈی الیکشن ٹریبونل میں این اے 55 کے کیس کی تاریخ پر آئے تھے جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر کے تھانہ نیو ٹاؤن منتقل کردیا  ہے۔

بشارت راجہ کاکہناہے کہ تمام مقدمات میں ضمانت کنفرم ہو چکی ہیں تاہم میں ریاستی اوچھے ہتھکنڈوں سے گبھرانے والا نہیں ہوں۔ راجہ بشارت کی گرفتاری پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے۔

دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت اسلام آباد نے احتجاج سے متعلق مقدمے میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کیخلاف یہ مقدمہ 4 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے سلسلے میں درج کیا گیا تھا، جس میں پارٹی کے رہنما عمر ایوب، سینیٹر اعظم سواتی اور دیگر کارکنان کو نامزد کیا گیا تھا۔

مقدمے کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ سماعت کے دوران سینیٹر اعظم خان سواتی کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔ تاہم دیگر غیر حاضر ملزمان کے خلاف عدالت نے سخت رویہ اختیار کرتے ہوئے ان کے ضمانتی مچلکے ضبط کرنے کا حکم دیا۔

عدالت نے مقدمے کی آئندہ سماعت 30 جولائی مقرر کرتے ہوئے تمام ملزمان کو ہدایت دی ہے کہ وہ اگلی پیشی پر ہر صورت میں عدالت میں پیش ہوں، بصورت دیگر مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *