اسلام آباد ۔ وفاقی حکومت نے ایس پی پی ایس اور ایم پی اسکیل پر کام کرنے والے کنٹریکٹ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اس مقصد کے لیے ایک آزاد فرم کی خدمات حاصل کرے گا تاکہ ملازمین کی کارکردگی کا غیر جانبدارانہ تجزیہ کیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق، اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تھرڈ پارٹی سے “ایکسپریشن آف انٹرسٹ” طلب کر لیا ہے، جس کے تحت کنٹریکٹ ملازمین کی پیشہ ورانہ کارکردگی، اہلیت اور کارکردگی کے معیار کو جانچا جائے گا۔
اسی حوالے سے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایک اہم اجلاس بھی طلب کیا ہے، جو 28 جولائی کو شہید ملت سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے تین اعلیٰ افسران شرکت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کنٹریکٹ ملازمین کی مدتِ ملازمت میں توسیع کا فیصلہ اسی کارکردگی جانچ کے عمل کی بنیاد پر کیا جائے گا۔ یہ اقدام سرکاری محکموں میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔