وزیرِ اعظم کی فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کے معاملے میں ہر ممکنہ قانونی و سفارتی مدد کی یقین دہانی

وزیرِ اعظم کی فوزیہ صدیقی کو عافیہ صدیقی کے معاملے میں ہر ممکنہ قانونی و سفارتی مدد کی یقین دہانی

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر حکومت کی سنجیدگی کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس حساس کیس میں کسی قسم کی غفلت نہیں برتی جا رہی۔
اس حوالے سے انہوں نے پیشرفت کے لیے وزیر قانون کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ وزیر اعظم نے یہ بات وزیرِ اعظم ہاؤس میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمشیرہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی سے ملاقات میں کہی۔

ملاقات کے دوران وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ تشکیل دی گئی کمیٹی ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہے گی اور ہر ممکن قانونی و سفارتی معاونت فراہم کرنے کے لیے فعال کردار ادا کرے گی۔

یہ خبر بھی پڑھیں :امریکی جیل میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صدر جوبائیڈن سے صدارتی معافی کی اپیل

وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ حکومت کی جانب سے اس سے قبل بھی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی اور قانونی معاونت کے لیے مختلف سفارتی و قانونی اقدامات کیے جاتے رہے ہیں اور یہ سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔

انہوں نے اس امر کی بھی یاد دہانی کرائی کہ وہ بطور وزیرِاعظم عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے باضابطہ خط بھی ارسال کر چکے ہیں۔
دریں اثناء وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے بھی ملاقات کی جس میں پاکستان اور یورپی یونین کے باہمی تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں وزیرِاعظم نے پاکستان میں ڈاکٹر رینا کیونکا کی سفارتی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کا کردار دونوں فریقین کے تعلقات کی مضبوطی میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔

وزیرِاعظم نے خاص طور پر 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران یورپی یونین کی طرف سے فراہم کی گئی امداد کے لیے سفیر کی کوششوں کو سراہا۔
ڈاکٹر رینا کیونکا نے بھی پاکستان میں قیام کے دوران حاصل ہونے والے تعاون پر شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنی آئندہ اسائنمنٹ میں بھی پاکستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *