وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کو ہدایت کی ہے کہ وہ گوادر سیف سٹی منصوبے پر فوری عملدرآمد کا آغاز کریں۔ یہ ہدایت بلوچستان میں سیکیورٹی کے نظام کو بہتر بنانے کے حکومتی عزم کا حصہ ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ ہدایات اس وقت جاری کی گئیں جب وزیر داخلہ نے اتوار کو وزیرِاعظم کو ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال، خصوصاً بلوچستان میں حالات، پر تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ محسن نقوی نے ایران اور عراق جانے والے زائرین کے لیے نئی پالیسی سے بھی وزیرِاعظم کو آگاہ کیا۔
اس موقع پر وزیرِاعظم نے وزارتِ ہوا بازی کو ہدایت کی کہ زائرین کی سہولت کے لیے خصوصی پروازوں کا بندوبست کیا جائے تاکہ ان کے سفر کو آسان اور محفوظ بنایا جا سکے۔
اس سے قبل وزیر داخلہ نے فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیڈکوارٹرز، کوئٹہ کا دورہ کیا تھا۔ انسپکٹر جنرل ایف سی میجر جنرل عابد مظہر نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا اور انہیں افسران سے متعارف کرایا۔
وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
محسن نقوی نے ایف سی کی بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی نے ’فتنۃ الہند‘ دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہر سطح پر ان کی حمایت جاری رکھے گی۔
یہ دورہ وفاقی حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ بلوچستان، خصوصاً گوادر جیسے اسٹریٹجک علاقوں میں سیکیورٹی کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔