ریجنل ڈیفنس کانفرنس کا کامیاب انعقاد، خطے میں پاکستان کا بطور نیٹ ریجنل سٹیبلائزر فعال کردار

ریجنل ڈیفنس کانفرنس کا کامیاب انعقاد، خطے میں پاکستان کا بطور نیٹ ریجنل سٹیبلائزر فعال کردار

پاکستان نے ایک اور بین الاقوامی کامیابی حاصل کرتے ہوئے ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس کا کامیاب انعقاد کیا، جس میں امریکہ، قازقستان، کرغیزستان، ازبکستان اور تاجکستان کے اعلیٰ عسکری حکام شریک ہوئے۔ یہ کانفرنس نہ صرف پاکستان کی بڑھتی ہوئی علاقائی و عالمی اہمیت کا مظہر ہے بلکہ ایک فعال، متوازن اور مؤثر سفارتی حکمت عملی اور ملڑی ڈپلومیسی کی عکاس بھی ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والی اس اہم کانفرنس نے جنوبی و وسطی ایشیائی خطے میں سیکیورٹی، تعاون اور باہمی اعتماد کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم کے طور پر خود کو منوایا ہے۔ پاکستان نے اس پلیٹ فارم کے ذریعے خود کو ایک نیٹ ریجنل اسٹیبلائزر کے طور پر پیش کیا ہے۔

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کے دوران آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں جہاں خطرات سرحدوں سے بالاتر اور چیلنجز پیچیدہ ہیں، وہاں عسکری تعاون، اسٹریٹجک مکالمہ اور باہمی اعتماد پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکے ہیں۔ پاکستان خطے کو محفوظ اور خوشحال بنانے کے لیے شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پرعزم ہے۔

یہ خبر بھی پڑھیں :پاکستان کی میزبانی میں ریجنل چیفس آف ڈیفنس اسٹاف کانفرنس، علاقائی امن و سیکیورٹی پر اہم پیش رفت

اس کانفرنس سے قبل آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے چین کا اہم دورہ کیا جہاں چینی قیادت سے دفاعی و اسٹریٹجک معاملات پر بامعنی تبادلہ خیال ہوا، جو پاک چین اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔

دوسری جانب نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دورہ امریکہ اور اعلیٰ امریکی قیادت سے ملاقاتیں پاک امریکہ تعلقات کی نئی جہت کی عکاس ہیں۔
یہ تمام پیش رفت ظاہر کرتی ہے کہ پاکستان نہ صرف دو طرفہ بلکہ کثیرالطرفہ سفارتی محاذوں پر بھی بھرپور اور متوازن کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ بھارت تمام تر کوششوں کے باوجود پاکستان کو عالمی سطح پر تنہا کرنے میں ناکام رہا ہے۔.

درحقیقت، پاکستان اب ایک بااعتماد، متحرک اور قائدانہ شراکت دار کے طور پر ابھر رہا ہے، جو عالمی منظرنامے پر امن، ترقی اور استحکام کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *