’تمام 35 طیارے اُڑا کر دُنیا کو دکھا دیں کہ کوئی رافیل نہیں گرا‘، سچ اگلوانے کے لیے گرچیت سنگھ اوجیلا نے مودی سرکار کو نئی مشکل میں ڈال دیا
Home - دنیا - ’تمام 35 طیارے اُڑا کر دُنیا کو دکھا دیں کہ کوئی رافیل نہیں گرا‘، سچ اگلوانے کے لیے گرچیت سنگھ اوجیلا نے مودی سرکار کو نئی مشکل میں ڈال دیا
بھارت میں کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ گرچیت سنگھ اوجیلا نے مودی سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے دعوؤں کو سچ ثابت کرنے کے لیے تمام 35 رافیل طیاروں کی پریڈ کروا کر دُنیا کو ثابت کریں کہ کوئی رافیل طیارہ نہیں گرا۔
بھارت اپنے جھوٹے پروپیگنڈے اور دعوؤں کو سچ ثائت کرنے لیے آئے روز پھنستا چلا جا رہا ہے، اس کی تازہ مثال بھارتی پارلیمنٹ کے مون سون سیشن اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے بھارتی کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گرچیت سنگھ اوجیلا کا وہ مطالبہ ہے جسے تمام بھارتی عوام سوشل میڈیا پر وائرل کر رہی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر وائرل ویڈیو میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ گرچیت سنگھ اوجیلا کا مطالبہ سامنے آیا ہے کہ اگر نریندر مودی سرکار اپنے اس دعوے میں کہ اس کا ’آپریشن سندور‘ کے دوران کوئی رافیل طیارہ مار نہیں گرایا گیا تو پھر یہ سچ ثابت کرنے کے لیے’تمام 35 رافیل طیاروں کی عوام کے سامنے ’پریڈ‘ کروائی جائے تاکہ دنیا کو ثابت ہو کہ ’آپریشن سندور‘ میں کوئی طیارہ تباہ نہیں ہوا‘۔
“PM Modi must parade all 35 Rafale jets to prove to the world that not even one was shot down during Op Sindoor.”
کانگریس کے رکنِ پارلیمنٹ گرچیت سنگھ اوجیلا کے اس مطالبے کے بعد بھارت کے حالیہ فوجی ’آپریشن سندور‘ کے دوران رافیل طیاروں کی مبینہ تباہی پر جاری تنازع نے نیا موڑ لے لیا ہے، یہ مطالبہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر تیزی سے پھیل رہا ہے۔
گرچیت سنگھ اوجیلا نے اپنے خطاب میں کہا کہ وزیرِاعظم مودی کو تمام 35 رافیل طیارے عوام کے سامنے پیش کرنے چاہییں تاکہ دنیا کو معلوم ہو سکے کہ’ آپریشن سندور‘ میں ایک بھی طیارہ تباہ نہیں ہوا‘۔ جس پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی بار بار کہہ رہے ہیں کہ بھارت کے طیارے مار گرائے گئے۔
پاکستان کے دعوے اور بھارت کی تردید
واضح رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ’فالس فلیگ‘ آپریشن کے بعد 7 مئی 2025 کو پاکستان کے خلاف جارحیت کرتے ہوئے ’آپریشن سندور‘ کا آغاز کیا تھا جس کا پاکستانی افواج نے منہ توڑ جواب دیا اور اس کےجواب میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ’آپریشن بنیان مرصوص‘ کا آغاز کرتے ہوئے بھارتی فضائیہ کے 6 جنگی طیارے مار گرائے جانے کا دعویٰ کیا، جن میں 3 رافیل طیارے بھی شامل تھے۔
بھارتی حکومت اور پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے فوری طور پر ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی تصاویر پرانی یا گمراہ کن ہیں اور اس کا کوئی رافیل طیارہ نہیں مار گرایا گیا،
ڈسالٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا بیان
بھارت کے جھوٹ کو اس وقت مزید تقویت ملی جب رافیل بنانے والی فرانسیسی کمپنی ڈسالٹ ایوی ایشن کے سی ای او ایرک ٹراپیئر نے کہا کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران صرف ایک رافیل طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، اور یہ کسی دشمن فوج کی کارروائی کے دوران نہیں گرایا گیا ہے۔
بھارتی وزارتِ دفاع کا مؤقف
بھارتی وزارت دفاع کے سیکریٹری آر کے سنگھ نے جون میں پارلیمان کو بتایا کہ ’آپریشن سندور‘ کے دوران کوئی بھی رافیل طیارہ دشمن کی کارروائی سے تباہ نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان میں بقول ان کے عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر بھرپور حملے کیے گئے، جن میں 100 سے زیادہ شدت پسند مارے گئے حالانکہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں پاکستان میں تمام تر سویلین آبادی کو نشانہ بنایا گیا۔
رافیل طیاروں کی موجودہ تعداد
بھارت نے فرانس سے 2016 میں 36 رافیل طیارے حاصل کیے، جن میں سے 35 آپریشنل ہیں، جب کہ ایک تکنیکی خرابی کے باعث ضائع ہو چکا ہے۔ 2025 میں بھارت نے 26 مزید رافیل، ایم نیول ویرینٹ خریدنے کا معاہدہ بھی کیا، جو 2030 تک فراہم کیے جائیں گے۔
پریڈ کا مطالبہ کیوں؟
ٹویٹ میں تجویز دی گئی کہ تمام 35 رافیل طیاروں کو عوامی پریڈ میں پیش کر کے پاکستان کے دعوؤں کو بے نقاب کیا جائے۔ تاہم دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی سرکارایسا کبھی نہیں کرے گی کیونکہ اصل حقیقت اس کے مکمل برعکس ہے، بھارت سچ دکھانے کی جرات کبھی نہیں کرےگا۔
اصل حقیقت یہی ہے کہ بھارتی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) انیل چوہان اس بات کی تصدیق کر چکے ہیں کہ ’آپریشن سندور‘ کےدوران بھارت کو کافی نقصان اٹھانا پڑا ہے، جس میں انہوں نے طیاروں کے مارگرائے جانے کی بھی تصدیق کی تھی، انیل چوہان کے بیان کے بعد بھارت میں مودی سرکار کے لیے مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، اور پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ کے باہر سے آوازیں اٹھنا شروع ہو چکی ہیں، مودی سرکار سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اصل حقیقت دُنیا کے سامنے لائیں اور اس بات کی وضاحت کرے کہ اگر ’آپریشن سندور‘ میں اسے کامیابیاں مل رہی تھیں تو اس نے اس ’آپریشن‘ کو بند کیوں کیا؟۔