پنجاب حکومت نے ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے پیٹرول پر چلنے والی موٹر بائیکس کو الیکٹرک میں تبدیل کرنے والے شہریوں کے لیے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا ہے۔
سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے لاہور میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق صوبے کو ماحولیاتی آلودگی سے پاک کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’پلانٹ فار پاکستان‘ مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے، جس کے تحت پنجاب بھر میں 5 لاکھ درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ’ہارٹی کلچر اتھارٹی‘ کی جانب سے گرین کور کو بڑھانے کے لیے درخت لگانے کی بھرپور مہم شروع کی گئی ہے، جبکہ لاہور میں پہلی بار سموگ گنز کا تعارف بھی کرایا جا رہا ہے، جنہیں کل میڈیا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سابق حکومت کے برعکس موجودہ حکومت ہر درخت کی مانیٹرنگ اور میپنگ کر رہی ہے اور آسٹریلیا طرز کی جدید ٹیکنالوجی کی تنصیب کا عمل رواں برس مکمل کیا جائے گا۔ مزید برآں، پنجاب میں ٹیکنالوجی بیسڈ فائر کنٹرول فورس بھی قائم کی جائے گی، جس کی نگرانی پنجاب بینک کرے گا۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جنگلات کی زمین کو قبضہ مافیا سے واگزار کرایا گیا ہے اور وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فاریسٹ کور کو محفوظ بنانے اور بڑھانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ لاہور کے شہری 1399 پر کال کر کے گھر بیٹھے مفت پودا حاصل کر سکتے ہیں، جو وزیراعلیٰ کا تحفہ ہے۔ رنگ روڈ کے اطراف 3 لاکھ پودے لگانے کا بھی منصوبہ ہے۔
سموگ کے مسئلے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ 10 برسوں سے لاہور میں سموگ ایک بڑا مسئلہ رہا ہے، لیکن موجودہ حکومت کی مؤثر حکمت عملی سے اس پر قابو پایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں پنجاب ایئرکوالٹی سسٹم میں سات نئے ایئرکوالٹی مانیٹرز نصب کیے جا چکے ہیں۔
پنجاب حکومت نے مزید اعلان کیا کہ جو شہری اپنی بائیکس کو الیکٹرک میں تبدیل کریں گے، انہیں ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں، اگر شہری اپنے گھروں یا دفاتر کی لائٹس کو ایل ای ڈی میں تبدیل کریں گے تو انہیں کاربن گرین کریڈٹ بھی دیا جائے گا۔
صوبائی وزیر نے آخر میں شہریوں سے اپیل کی کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں تاکہ ایئرکوالٹی انڈیکس میں بہتری آئے اور سموگ سے نجات ممکن ہو۔