محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر تیز اور طوفانی بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے۔
مون سون کا پانچواں اسپیل ملک میں داخل ہو چکا ہے جس کے نتیجے میں لاہور سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی تاہم حبس کی شدت برقرار رہی۔ ایبٹ روڈ، مال روڈ، جیل روڈ اور ڈیوس روڈ کے اطراف میں بارش سے سڑکیں جل تھل ہو گئیں۔
اسی طرح کینال روڈ، ہربنس پورہ، رنگ روڈ اور ایئرپورٹ کے قریبی علاقوں میں بھی شدید بارش ہوئی، جبکہ سول سیکرٹریٹ، چوبرجی اور گرد و نواح میں ہلکی سے درمیانی بارش نے موسم کو خوشگوار بنا دیا۔
پی ڈی ایم اے (پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی) کے مطابق آج رات سے راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات میں مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 21 زخمی ہوئے۔ یوں مون سون سیزن کے دوران جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 279 ہو گئی ہے، جب کہ 676 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور نشیبی علاقوں سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔