پنجاب کے درجنوں دیہات زیر آب ، ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

پنجاب کے درجنوں دیہات زیر آب ، ملک بھر میں مزید بارشوں کی پیشگوئی

برسات کے بعد پنجاب کے کئی دیہات میں سیلابی صورتحال ہے جن میں  لیہ ،کروڑ لعل عیسن اور کوٹ سلطان کے کئی دیہات شامل ہیں ،  حکومت نے ریسکیو اداروں کو شہری و دریا برد سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر نئی مون سون لہر کے آغاز کے ساتھ تیار رہنے کی ہدایت کی ہے۔

دریائے سندھ اور چناب میں سیلاب کے باعث پنجاب کے کئی اضلاع میں درجنوں دیہات زیرِ آب آگئے ہیں، جس کے نتیجے میں حکام نے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا ہے،  پنجاب کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال شدت اختیار کر گئی ہے،  لیہ، کروڑ لعل عیسن اور کوٹ سلطان کے کئی دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں جبکہ جہلم کے دیہات میں بھی ریلے بہنے لگے ہیں۔

پنڈ دادن خان، سوہاوہ اور دیگر کئی علاقے شدید متاثر،  شکرگڑھ کے نالہ بیئں کا بہاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے ، لیہ کے نشیبی علاقوں میں دریائے سندھ نے تباہی مچا دی،  کروڑ لعل عیسن اور کوٹ سلطان کے بیشتر گاؤں ڈوب گئے ، چار لاکھ کیوسک کے ریلے نے بیس دیہات کو متاثر کیا، جس سے مکانات، اسکول، ڈسپنسریاں، مساجد اور سڑکیں زیر آب آ گئیں۔

یہ بھی پڑھیں: پنجاب سمیت ملک میں مزید بارشیں متوقع ، پی ڈی ایم اے نے خبردار کردیا

کماد، چاول، کپاس اور تل کی فصلیں بھی ریلے کی زد میں آ گئیں ، تونسہ پل کا گائیڈڈ بند ٹوٹنے کے باعث موضع سمرا میں سیلاب کا ریلہ داخل ہوگیا، جس کے نتیجے میں 70 کلومیٹر کے نشیبی علاقے کے مکینوں کو اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔

جہلم کے کئی دیہات میں بھی ریلے بہنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں مال و مویشی بہہ گئے اور ضلع میں سیلاب سے 7 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ،  پنڈدادنخان اور سوہاوہ سمیت دیگر علاقوں میں سڑکیں بہہ گئیں جبکہ متعدد چھوٹے بڑے پل اور چھوٹے بند بھی تباہ ہو گئے ہیں۔

خورد، نئی آبادی بھمبر، داراپور، دادووال، ڈھوک چٹی، جگتہ، سوہاوہ اور پی ڈی خان جیسے علاقے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔

راجن پور میں تونسہ بیراج پر دریا کا بہاؤ کم ہو رہا ہے لیکن شکرگڑھ کے نالہ بیئں کا بہاؤ تیزی سے بڑھ رہا ہے جس پر انتظامیہ نے نالے کے کنارے جانے پر پابندی لگا دی ہے۔

موسم کی صورتحال

دوسری جانب دوسری جانب آزاد کشمیر میں شدید بارش کے بعد ندی نالوں میں طغیانی آ گئی ہے۔ پشاور، صوابی، مردان، وادی کاغان، بالاکوٹ اور بٹ خیلہ میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے،  لاہور کے مختلف علاقوں میں بھی رات گئے ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج بلوچستان، پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے اور بعض مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ریسکیو اداروں سے رابطہ کریں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *