فیلڈ مارشل و آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ’فتنۃ الخوارج‘ اور ’فتنۃ الہندستان‘ بھارت کی ناکام پراکسیز ہیں، بلوچستان کی ترقی کے لیے قومی یکجہتی اور اسپانسرڈ دہشتگردی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل ، آرمی چیف سید عاصم منیر نے کوئٹہ بلوچستان میں ’نیشنل ورکشاپ بلوچستان‘ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہر قسم کے خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھارت کی دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہندستان” بھارت کی ناکام پراکسیز ہیں، جو ’معرکۂ حق‘ میں شکست کے بعد پراکسی وار میں شدت لانے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگرد کسی بھی مذہب، قوم یا فرقے کے نمائندہ نہیں ہوتے، بلکہ ان کا مقصد صرف ریاست کو کمزور کرنا ہوتا ہے۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف قومی سطح پر اتحاد و یکجہتی ناگزیر ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو قومی ترقی کا ضامن قرار دیا اور کہا کہ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی ہی ملک کو آگے لے جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم ملکی خودمختاری کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔
ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کے اختتام پر فیلڈ مارشل و آرمی چیف اور شرکا کے درمیان سوال و جواب کا سیشن بھی ہوا، جس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شرکا کے سوالات کے تفصیلی اور کھلے انداز میں جوابات دیے۔
شرکا نے ملک کی صورتحال پر آرمی چیف کے تجزیے کو سراہا اور قومی یکجہتی کے فروغ میں فوج کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا۔