وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ تاریخی تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے جس کے لیے صدر ٹرمپ کا دل کی اتھاہ گہرائی سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ معاہدے میں صدر ٹرمپ نے قائدانہ کردار ادا کیا، یہ تاریخی معاہدہ ہمارے بڑھتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ اس معاہدے سے آنے والے دنوں میں ہماری دیرپا شراکت داری کی حدود کو مزید وسعت دی جا سکے گی ۔
I wish to convey my profound thanks to President Trump @realDonaldTrump for his leadership role in finalization of the historic US-Pakistan trade agreement, successfully concluded by our two sides in Washington, last night.
This landmark deal will enhance our growing cooperation…— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) July 31, 2025
نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا بیان
اس حوالے سے نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ الحمدللہ، پاکستان کا امریکا کے ساتھ تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے، یہ بیان انہوں نےٹرمپ کی سوشل میڈیا پلیٹ فارم پردی گئی پوسٹ کے جواب میں جاری کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون، توانائی کے شعبے میں شراکت داری اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا، پاکستان اپنی معاشی پوزیشن کومستحکم بنانے کی طرف گامزن ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی معاہدہ طے، ٹیرف میں کمی ہوگی: وزارت خزانہ
انہوں نے وزیراعظم شہبازشریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پرپاکستان کا مقام ایک بارپھرمستحکم ہو رہا ہے، حکومت نے ہمیشہ قومی مفاد میں معاشی ڈپلومیسی کو ترجیح دی ہے اور یہ معاہدہ اسی حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
Pakistan concludes deal with USA, AlhamdoLilah. pic.twitter.com/N3CXyQdIXd
— Ishaq Dar (@MIshaqDar50) July 31, 2025
معاہدے کی تفصیلات آئندہ دنوں میں جاری کی جائیں گی تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق یہ شراکت داری توانائی، بنیادی ڈھانچے اوربرآمدی مواقع کی وسعت میں کلیدی کردارادا کرے گی۔
پاکستان کے وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا بیان
پاکستان کے وزیرِ خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان سے تجارتی معاہدے کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کو ساتھ ساتھ چلنا چاہیے، اس معاہدے میں وسیع تر اقتصادی، دوطرفہ اور اسٹریٹجک شراکت داری ابھر کر سامنے آئی ہے۔
صدر ٹرمپ کا پاکستان سے تجارتی معاہدے کا اعلان
یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بدھ کو پاکستان کے ساتھ تجارتی معاہدے کا اعلان کیا ہے۔
ٹروتھ سوشل پلیٹ فارم پر پوسٹ میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ’ ہم نے ابھی پاکستان کے ساتھ تجارتی ڈیل مکمل کی ہے۔ جس کے تحت دونوں اپنے تیل کے بڑے ذخائر کو ترقی دینے کے لیے مل کر کام کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’جبکہ ہم اس سلسلے میں ایک آئل کمپنی کا انتخاب کر رہے ہیں جو اس پارٹنرشپ کی قیادت کرے گی۔ کون جانتا ہے شاید ایک دن ایسا آئے جب وہ یہ تیل انڈیا کو فروخت کر رہے ہوں۔‘


