اسلام آباد۔ وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ 9 مئی کے کیسز کے فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، ہم ملک میں قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے فیصلے پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور دفاعی اداروں کے دفاتر پر حملے کیے گئے، یہ قانون اور نظام انصاف کی جیت ہے۔
عطا اللّٰہ تارڑ نے بتایا کہ فیصل آباد میں دفاعی اداروں کے دفاتر میں توڑ پھوڑ کی گئی، ویڈیوز سے واضح ہے کہ کون لوگ دفاعی تنصیبات کی طرف گئے۔ ان تمام کارروائیوں کے ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی ہیں، جو اس وقت جیل میں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمن نے جب بھی حملہ آور ہونے کا خواب دیکھا، ہم نے منہ توڑ جواب دیا۔