امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر لاؤڈرہل میں کھیلے گئے ٹی20 سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو 14 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفرکی برتری حاصل کر لی۔
میچ کا آغاز ویسٹ انڈین کپتان شائے ہوپ کے ٹاس جیتنے سے ہوا، جنہوں نے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ گرین شرٹس نے اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز کا بھرپور ہدف سیٹ کیا۔
اوپننگ بلے باز صائم ایوب نے 57 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا، ان کا ساتھ دیتے ہوئے فخر زمان نے 28، حسن نواز نے 24 جبکہ آل راؤنڈر فہیم اشرف نے 16 قیمتی رنز جوڑے۔ کپتان سلمان علی آغا 11 اور محمد حارث 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے شیمار جوزف نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ہولڈر، عقیل حسین اور شیفرڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز نے ابتدا میں جارحانہ حکمت عملی اختیار کی لیکن پاکستانی بولرز نے نپی تلی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیم کو دباؤ میں رکھا۔
ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 164 رنز ہی بنا سکی،پاکستان کی جانب سے اسپنر محمد نواز نے تین وکٹیں حاصل کیں ،شاہین شاہ آفریدی اور نوجوان بولر سفیان مقیم نے ایک ایک وکٹ لے کر فتح میں اہم کردار ادا کیا۔