پاک فوج میں جدید زیڈ ۔10 ایم ای اٹیک ہیلی کاپٹرز کو باقاعدہ شامل کر لیا گیا ہے، ہیلی کاپٹر کی شمولیت کی تقریب مظفرگڑھ میں منعقد ہوئی، جس میں فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر نے شرکت کی اور ہیلی کاپٹر کی فائر پاور کا عملی مظاہرہ دیکھا۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کے مطابق زیڈ۔10 ایم ہیلی کاپٹر جدید ریڈار، الیکٹرانک وارفیئر اور نائٹ اسٹرائیک صلاحیتوں سے لیس ہیں، جو پاک فوج کی فضائی جنگی صلاحیتوں میں ایک نمایاں اضافہ ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر مشترکہ ہتھیاروں کی حکمت عملی کے کامیاب مظاہر ے کو سراہا اور جدید ہیلی کاپٹر کے فائر پاور کے عملی مظاہرے کو افواج پاکستان کی جنگی تیاریوں میں ’فیصلہ کن برتری” کا مظہر قرار دیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بعد ازاں ملتان گیریژن کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف نے فوجی جوانوں کے جذبے، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی تیاری کی تعریف کی۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ ’پاک فوج بدلتے ہوئے جنگی ماحول میں فیصلہ کن برتری برقرار رکھے گی۔’انہوں نے قومی خودمختاری اور سرحدی سلامتی کے تحفظ کے لیے پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا۔
فیلڈ مارشل نے ملتان گیریژن میں علمی و سماجی حلقوں کے افراد کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا سیشن بھی ہوا، جس میں انہوں نے قومی یکجہتی، سول ملٹری ہم آہنگی اور ہائبرڈ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ قومی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ زیڈ۔10 ایم ای ہیلی کاپٹرز کی شمولیت سے پاک فوج کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں بہتری آئے گی، جو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔