صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے چہکان اور میرانشاہ، شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے تعاون سے امن کے قیام اور فتنتہ الخوارج کے خاتمے کے لیے 2 اہم تقریبات منعقد ہوئیں جن میں علما مشائخ، قبائلی مشران و عمائدین نے بھرپور شرکت کی اور ملک میں امن کے فروغ کے لیے پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے چہکان میں ’بین المسالک امن کانفرنس‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما، مشائخ اور مشران نے شرکت کی۔
اس موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل نیک نام مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس کے شرکا نے ملک میں امن کے قیام، فتنتہ الخوارج کے خاتمے اور شرپسند عناصر کی بیخ کنی کے لیے پاک فوج کے ساتھ مکمل تعاون کا اعلان کیا۔
شرکا نے پاک فوج، سیکیورٹی فورسز اور شہدا کی قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا اور متفقہ طور پر اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قوم کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ علما و مشائخ نے تعلیم و صحت خصوصاً بچیوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے فوج کی کوششوں کو سراہا۔
ہفتہ کے روز ہی میران شاہ، شمالی وزیرستان میں بھی ایک اہم قبائلی جرگہ منعقد ہوا جس میں قبائلی مشران و عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ، میجر جنرل عادل افتخار وڑائچ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جرگے میں شرکا نے پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
میجر جنرل عادل افتخار وڑائچ نے قبائلی عوام کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن کے حصول میں ان کا کردار ناقابلِ فراموش ہے۔ مشران و عمائدین نے بھی تعلیم، صحت اور خاص طور پر بچیوں کی تعلیم کے میدان میں پاک فوج کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
دونوں تقریبات اس بات کا مظہر تھیں کہ ملک کے مختلف طبقات، علما، مشائخ اور قبائلی مشران، سب ایک پیج پر ہیں اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ریاستی اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔