پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ایک بار پھر ٹیلیفونک گفتگو کی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیر کو پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ نے دو طرفہ امور اور باہمی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا ہے، دونوں وزرائے خارجہ نے ٹیلفونک گفتگو میں اہم علاقائی و عالمی صورت حال پر خیالات کا تبادلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پاک، امریکا تعلقات بہتری کی جانب گامزن، اسحاق ڈار، مارکو روبیو کے درمیان اہم ٹیلیفونک گفتگو
دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو میں باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا ہے۔
فریقین نے رابطے میں رہنے اور مشترکہ مفادات سے متعلق معاملات پر قریبی تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ یہ بات چیت دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے 29 جولائی کو بھی وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دوطرفہ اور اہم علاقائی امور، بشمول تجارتی محصولات اور سیکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا تھا۔