وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جو گلوبل وارمنگ سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم نے دورہ گلگت بلتستان کے دوران وہاں وزرا اور سیکریٹریز کے ساتھ بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2022 میں آنے والی تباہ کن قدرتی آفات کا سبب بھی موسمیاتی تبدیلیاں تھیں اور اب ہر سال ان کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملک بھر میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، گلگت بلتستان میں ایمرجنسی کا اعلان
وزیراعظم نے واضح کیا کہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے تدارک کے لیے انہوں نے وزرا اور متعلقہ سیکریٹریز کو ہدایات جاری کر دی ہیں کہ وہ سنجیدگی سے اس پر کام کریں۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان، جموں کشمیر اور دیگر متاثرہ علاقوں میں جہاں موسمیاتی تبدیلیاں تباہی کا باعث بن رہی ہیں، وہاں فوری اقدامات ضروری ہیں۔
شہباز شریف نے تباہ شدہ سڑکوں کی تعمیرِ نو کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ انہوں نے بتایا کہ سیکریٹری مواصلات نے گزشتہ 6 دن ان علاقوں میں گزارے اور زمینی صورتحال کا جائزہ لیا، جس کی روشنی میں ایک جامع رپورٹ تیار کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ دانش اسکولوں کے منصوبے کے لیے جلد دوبارہ ان علاقوں کا دورہ کریں گے اور ان اسکولوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم کا یہ دورہ ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کی حکومتی سنجیدگی اور مستقبل کی حکمت عملی کی ایک جھلک پیش کرتا ہے۔
مزید پڑھیں:شاہراہِ بابوسر پر سیلابی ریلے کی زد میں آکر 8گاڑیاں بہہ گئیں، چار افراد ہلاک، متعدد لاپتہ، پاک فوج ریسکیو آپریشن میں پیش پیش
اس سے قبل وزیرِاعظم شہباز شریف گلگت بلتستان (جی بی) کے ایک روزہ دورہ پر پہنچے تھے تاکہ حالیہ مون سون بارشوں سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لے سکیں اور متاثرین میں ریلیف فنڈز تقسیم کر سکیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق پیر کو وزیرِاعظم کے گلگت ایئرپورٹ پہنچنے پر گورنر جی بی سید مہدی شاہ، وزیرِاعلیٰ گلبر خان اور دیگر اعلیٰ حکام نے ان کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کا ایک روزہ دورہء گلگت بلتستان
وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت پہنچ گئے
گلگت پہنچنے پر گلگت بلتستان کے گورنر سید مہدی شاہ اور وزیرِ اعلی گلبر خان نے وزیر اعظم کا استقبال کیا.
وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ… pic.twitter.com/Bk51NyzEhV
— PTV News (@PTVNewsOfficial) August 4, 2025