یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے نیا نغمہ ’انسانوں کے جہاں میں‘جاری کر دیا گیا ہے، جو نہ صرف کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم کے خلاف ایک گونج دار پیغام بھی ہے۔
یومِ استحصالِ سے متعلق جاری نغمے میں بھارتی ظلم و بربریت کا پردہ چاک کرتے ہوئے عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر خاموش تماشائی نہ بنے۔ نغمے کا مرکزی پیغام کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت اور پاکستان کے عزم کی ترجمانی ہے کہ چاہے دنیا ساتھ دے یا نہیں، پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
’انسانوں کے جہاں میں‘ کے بول مظلوم کشمیریوں کے جذبہ حریت، قربانیوں اور بھارتی تسلط سے آزادی کے عزم کو اجاگر کرتے ہیں۔ نغمے میں دکھایا گیا ہے کہ جنت نظیر وادی کشمیر آج بھی بھارتی مظالم کی آگ میں جل رہی ہے، لیکن کشمیری عوام نے اپنے لہو سے حق کی داستان لکھنے کا سفر جاری رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرتے ہوئے کشمیر میں مزید فوجی دستے بھیج کر کشمیری عوام کا استحصال کرنا شروع کر دیا تھا، بھارت کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کر کے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے
آئی ایس پی آر کا یہ نغمہ نہ صرف ایک فنی اظہار ہے بلکہ یہ ایک قومی مؤقف کی گونج ہے، جو دنیا کو باور کرانے کی کوشش ہے کہ کشمیر آج بھی انصاف، آزادی اورانسانی حقوق کا منتظر ہے۔