لاہور میں صنعتی ملازمین کے لیے قرعہ اندازی کے ذریعے 1220 فلیٹس دینے کی منظوری کے بعد اپنے گھر کا خواب حقیقت بننے لگا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 28 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 130 نکات پر مشتمل ایک وسیع ایجنڈے کی منظوری دی گئی۔
اس اجلاس میں عوامی فلاح، صنعتی ترقی، مزدوروں کے حقوق، تعلیم، صحت، تحفظ، سرمایہ کاری، سیلاب سے بچاؤ اور گورننس سے متعلق کئی اہم فیصلے کیے گئے۔
کابینہ نے صنعتی ورکرز کے لیے لاہور میں قرعہ اندازی کے ذریعے 1220 فلیٹس دینے کی منظوری دی، جبکہ وزیراعلیٰ نے ان فلیٹس کی قیمت مزدوروں سے لینے کی تجویز مسترد کر دی۔
وزیراعلیٰ نے مزید 3000 فلیٹس کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات کا حکم بھی دیا، اور ورکرز کی 102 کیٹیگریز کے لیے یکساں کم از کم تنخواہ 40 ہزار روپے مقرر کی گئی۔
پنجاب میں پہلی بار مزدوروں کی حفاظت کے لیے جامع قوانین کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں “پنجاب ایکوپیشنل سیفٹی اینڈ ہیلتھ رولز 2024” کی منظوری دی گئی، جس کا مقصد سیور لائن اور تعمیراتی کاموں میں مصروف مزدوروں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ “صرف قوانین بنانا کافی نہیں، ان پر ہر سطح پر مؤثر عملدرآمد ضروری ہے۔ غریب ورکرز اور مزدوروں کی جان بھی اتنی ہی قیمتی ہے، ان کا تحفظ ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔”
وزیراعلیٰ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی کہ وہ ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک خصوصی انفورسمنٹ فورس قائم کرے، جو تمام شعبوں میں حفاظتی اصولوں پر سختی سے عملدرآمد کرائے۔
اس کے علاوہ، کابینہ نے درجنوں سرکاری اداروں میں بھرتیوں، کنٹریکٹ میں توسیع اور نئی اسامیوں کی منظوری بھی دی۔ ان اداروں میں والڈ سٹی اتھارٹی، لیٹریسی ڈیپارٹمنٹ، فنانشل ایڈوائزری سروسز، پنجاب چیریٹیز کمیشن، وائلڈ لائف اینڈ پارکس ڈیپارٹمنٹ اور دیگر شامل ہیں۔