فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
ایف بی آر نے آن لائن آرڈرز کے لیے نیا سیلز ٹیکس قانون نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت ڈیجیٹل آرڈرز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کی کٹوتی لازم ہوگی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، آن لائن مارکیٹ پلیس، کوریئر اور ادائیگی ایجنٹس کو سیلز ٹیکس کاٹنے کا پابند بنایا گیا ہے۔
ایف بی آر نے سیلز ٹیکس رولز 2006 میں نیا باب شامل کیا ہے، جس کے تحت کیش آن ڈیلیوری (COD) پر بھی سیلز ٹیکس کی کٹوتی ضروری قرار دی گئی ہے۔
ایف بی آر نے نئے فارم ایس ٹی آر 36 اور ایس ٹی آر 34 متعارف کروائے ہیں، جبکہ ہر ماہ کی 10 تاریخ تک ایس ٹی آر 35 فارم جمع کروانا لازمی ہوگا۔ ادائیگی کے ذریعے کاٹا گیا ٹیکس ایف بی آر کو جمع کروانا ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، کوریئر کمپنیاں بھی سیلز ٹیکس کاٹنے کی پابند ہوں گی اور وہ ہر ماہ ایس ٹی آر 36 فارم ایف بی آر میں جمع کروائیں گی۔
آن لائن مارکیٹ پلیس کو ایس ٹی آر 34 فارم کے ذریعے آرڈرز کی رپورٹ جمع کروانا ہوگی۔ ان پلیٹ فارمز پر لازم ہے کہ وہ ہر سپلائر کے آرڈر کی مکمل تفصیلات فراہم کریں۔ اگر مارکیٹ پلیس خود کوریئر سروس بھی مہیا کرتی ہے تو اسے ایس ٹی آر 36 فارم بھی جمع کروانا ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق، کوریئر اور پیمنٹ ایجنٹس کو وینڈرز کو سیلز ٹیکس کٹوتی کا سرٹیفکیٹ جاری کرنا ہوگا، جس میں وینڈر کا نام، رجسٹریشن نمبر، اشیاء کی تفصیل اور کٹا گیا ٹیکس درج ہوگا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ آن لائن کاروبار کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ایک اہم قدم ہے۔