محکمہ موسمیات کے مطابق آج بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں کہیں کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔
موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی ، بلوچستان میں بادل برسنے کی توقع ہے، مظفرآباد اور گرد و نواح میں بارش ہوئی، کئی علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی، بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ بڑھ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلیات، ایبٹ آباد اور کشمیر کے بعض مقامات کے علاوہ دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان اور ایبٹ آباد میں بھی بارش ہو گی اور برسانی نالوں کے چڑھنے اور بہاؤ بڑھنے کا بھی امکان ہے۔
محکمے کی جانب سے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ٹریفک کی روانی متاثر کا امکان بھی ظاہر کیا گیا جب کہ لوگوں کو محتاط رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
سوات اور پنجکوڑہ کے ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ بڑھ گیا، تربیلا، کالا باغ، چشمہ، تونسہ اور گڈو بیراج میں درمیانے درجے کا سیلاب متوقع ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح بلند ہونے پر اسپل ویز کھول دیئے گئے، خانپور ڈیم میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہونے لگے، ہائی لیول سے صرف 11 فٹ کم رہ گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کا امکان ہے۔
فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن لاہور کے مطابق دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ہے جبکہ باقی دریا اپنے اپنے ہیڈ ورکس پر معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے متعدد علاقوں میں سیلابی صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ اور سی ڈی اے کو لوگوں کو ریسکیو کرنے اور نکاسی آب کیلئے اقدامات کی ہدایت کر دی، سیلابی صورتحال اور لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانے و امدادی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے کمیٹی قائم کردی گئی۔
خیال رہے کہ 26 جون سے شروع ہونے والے مون سون سیزن کے دوران اب تک ملک بھر میں 299 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، جن میں سب سے زیادہ 162 پنجاب میں ہوئیں۔ خیبر پختونخوا میں 69 افراد جان سے گئے جبکہ سندھ میں 28، بلوچستان میں 20 اور گلگت بلتستان میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔