کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس سیکیورٹی خدشات کی بنا پر معطل کر دی گئی۔
بلوچستان کے صوبائی حکام کا بتانا ہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس سیکیورٹی خدشات پر بند کی گئی ہے، موبائل انٹرنیٹ ڈیٹا سروس کے15 اگست تک معطل رہنے کا امکان ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے حکام کے مطابق بلوچستان کے مختلف اضلاع کوہلو، چمن، قلعہ عبداللّٰہ، پشین، لورالائی، زیارت، قلعہ سیف اللّٰہ، نوشکی اور ہرنائی میں موبائل انٹرنیٹ سروس غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق یہ اقدام ممکنہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اٹھایا گیا ہے۔
انٹرنیٹ بندش کے باعث شہریوں کو آن لائن بینکنگ، کاروبار، تعلیمی سرگرمیوں، رشتہ داروں، دوستوں یا پھر اپنے دفاتر سے رابطے میں مشکلات کا سامنا ہے ، خاص طور پر فری لانسرز کو کاروبار اور طلبہ کو آن لائن کلاسز اور تحقیقاتی کاموں میں دقت پیش آرہی ہے۔
یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب بلوچستان میں انٹرنیٹ سروسز معطل کی گئی ہوں، صوبے میں سکیورٹی کے لحاظ سے حساس اضلاع جیسے قلعہ عبداللہ، پشین، مستونگ، آواران، قلات، پنجگور، واشک، کیچ اور دیگر اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز ماضی میں طویل عرصے تک معطل رہ چکی ہیں۔
اسی طرح احتجاج، عاشورہ، 12 ربیع الاول اور یومِ آزادی جیسے مواقع پر انٹرنیٹ سروس جزوی یا مکمل طور پر بند کی جاتی رہی ہے تاہم اس بار کوئٹہ شہر میں بھی کئی ہفتوں تک سروس بند رکھنے کا فیصلہ غیرمعمولی قرار دیا جا رہا ہے۔