پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے حال ہی میں آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا، جہاں انہوں نے آذربائیجان کی اعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں اور دوطرفہ بحری تعاون سمیت علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق دورے کے دوران آذربائیجان نیول فورسز ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ایڈمرل نوید اشرف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے آذربائیجان نیول فورسز کے کمانڈر فرسٹ گریڈ کیپٹن شاہین ممدوف سے اہم ملاقات کی جس میں مشقوں اور تربیتی تبادلے کے پروگراموں کے ذریعے دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
نیول چیف کو آذربائیجان بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور سرگرمیوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی، جبکہ انہوں نے آذربائیجان بحریہ کی اسپیشل آپریشنز فورسز کا آپریشنل مظاہرہ بھی ملاحظہ کیا۔
ایڈمرل نوید اشرف نے آذربائیجان آرمی کے چیف آف دی جنرل اسٹاف کرنل جنرل کریم ولیئیف سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، پاک بحریہ کے سربراہ کا یہ دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان بالعموم اور دونوں ممالک کی بحری افواج کے درمیان بالخصوص دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔