کراچی: سندھ کابینہ نے صوبے کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ لینے کی ذمہ داری انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن (آئی بی اے) سکھر کو دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
یہ فیصلہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے کابینہ اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد گزشتہ سال سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کے پیش نظر امتحانی نظام کو شفاف اور میرٹ پر مبنی بنانا تھا۔
وزیراعلیٰ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق یہ نئی پالیسی صوبے کے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر دونوں پر یکساں طور پر لاگو ہوگی، جبکہ محکمہ صحت اس عمل کی نگرانی اور ریگولیشن کی ذمہ داری سنبھالے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں اس وقت سرکاری میڈیکل کالجز میں ایم بی بی ایس کے لیے 2,550 اور بی ڈی ایس کے لیے 500 نشستیں دستیاب ہیں، جبکہ پرائیویٹ سیکٹر میں ایم بی بی ایس کی 1,441 اور ڈینٹل کی 2,025 نشستیں موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ برس کے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں شفافیت سے متعلق اٹھنے والے سوالات اور شکایات کے بعد حکومت نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ داخلہ امتحانات ایک معتبر اور غیر جانبدار ادارے کے ذریعے لیے جائیں تاکہ نوجوان طلبہ و طالبات کے مستقبل کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت تعلیم کے شعبے میں بہتری اور اصلاحات کے لیے پُرعزم ہے۔
کابینہ کے اس فیصلے کے بعد سندھ بھر کے تمام میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کے خواہشمند طلبہ کے لیے ایم ڈی کیٹ کا انعقاد اب آئی بی اے سکھر کی نگرانی میں ہوگا، جس سے امتحانی عمل میں شفافیت، اعتماد اور میرٹ کو فروغ ملنے کی توقع ہے۔