Skip to content
99 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیرقانونی قرار دے دیا گیا
اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اسلام آباد کی 99 ہاؤسنگ سوسائٹیز کو غیرقانونی قرار دے دیا ہے۔
سی ڈی اے اسلام آباد کے مطابق ان ہاؤسنگ سوسائٹیز کے اسپانسرز اور مالکان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں متعلقہ افراد کا ڈیٹا حاصل کرنے کے لیے نادرا کو باضابطہ طور پر خط بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔
سی ڈی اے نے سوسائٹیز کے مالکان اور اسپانسرز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے لیے کارروائی شروع کرنے کی درخواست بھی کر دی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت ایک اجلاس میں غیرقانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
سی ڈی اے کا مزید کہنا ہے کہ ان غیرقانونی سوسائٹیز کو تعمیراتی میٹریل فراہم کرنے والوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ ان سوسائٹیز کے نام سی ڈی اے کی ویب سائٹ پر جاری کر دیے گئے ہیں۔