نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن متعارف کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق نادرا کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل ایپ پاک آئی ڈی کا نیا ورژن پہلے سے کہیں تیز تر اور بہتر ہے۔
اس نئی خصوصیات اور سہولیات کی بدولت موبائل ایپ کا استعمال انتہائی آسان ہے جس میں آپ کو درخواست شروع کرتے وقت چہرے کے ذریعے بائیومیٹرک کی تصدیق کی سہولت میسر ہوگی۔
اس کے ساتھ ساتھ خاندان کے افراد کی تفصیل دیکھنے کے لیے بائیو میٹرک تصدیق کی ضرورت بھی ختم ہوگئی، نادرا سینٹر میںن اپائنمنٹ بکنگ، ٹریکنگ آئی ڈی چیک کرنے کی سہولت ہوگی۔
نئی ایپ میں کئی جدید فیچرز شامل کیے گئے ہیں جن میں بایومیٹرک تصدیق، دستاویزات کی اسکیننگ، ڈیجیٹل دستخط اور صارف دوست انٹرفیس شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، درخواست گزار اب گھر بیٹھے شناختی کارڈ (CNIC)، اسمارٹ کارڈ، بچوں کے ب فارم، تبدیلی ایڈریس، اور دیگر خدمات کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں، بغیر کسی دفتر کا چکر لگائے۔
نادرا کی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن ڈیجیٹل پاکستان کی جانب ایک عملی پیش رفت ہے، جو نہ صرف عوام کو سہولت فراہم کرتا ہے بلکہ کاغذی کارروائی اور طویل قطاروں کے جھنجھٹ سے بھی نجات دلاتا ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ ایسی ایپس کے ذریعے عوامی خدمات کا دائرہ مزید وسیع اور شفاف بنایا جا سکتا ہے۔ نادرا کا یہ اقدام ڈیجیٹل گورننس کے فروغ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔