امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس کو اقوام متحدہ میں امریکہ کی نائب مندوب کے طور پر نامزد کر دیا گیا ہے جو امریکی خارجہ پالیسی میں ایک اہم سنگ میل تصور کیا جا رہا ہے۔
اس نامزدگی کا اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے کیا، جہاں انہوں نے ٹیمی بروس کی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی نئی ذمہ داری کا باضابطہ طور پر اعلان کیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں :پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے حصول میں امریکی مداخلت سے فرق پڑا : ٹیمی بروس
ٹیمی بروس نے صدر ٹرمپ کی دوسری مدت صدارت کے دوران محکمہ خارجہ کی ترجمان کے طور پر اہم اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے، جہاں انہوں نے امریکی خارجہ پالیسی اور عالمی امور کے بارے میں محکمہ خارجہ کے مؤقف کو بڑے اعتماد اور وضاحت کے ساتھ دنیا کے سامنے پیش کیا۔
ان کی قیادت اور مہارت نے انہیں اس قابل بنایا کہ اب وہ اقوام متحدہ میں امریکہ کی نمائندگی کے لیے ایک مؤثر اور قابل اعتماد چہرہ بنیں۔
وائٹ ہاؤس کے ذرائع کے مطابق ٹیمی بروس کی نامزدگی امریکہ کی سفارتی حکمت عملی میں ایک اہم پیش رفت ہے، جو عالمی سطح پر امریکہ کے مفادات کو مضبوطی سے فروغ دینے اور اقوام متحدہ میں اپنے مؤقف کو بہتر طریقے سے پیش کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔