وفاقی حکومت نے یومِ عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں دو روزہ عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے، اس حوالے سے کیبنٹ ڈویژن نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے جس کے مطابق 25 جون اور 26 جون کو سرکاری سطح پر عام تعطیل ہوگی۔
سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے
نوٹیفکیشن کے مطابق تعطیلات کا اطلاق وفاقی حکومت کے تمام دفاتر اور اداروں پر ہوگا جبکہ صوبائی حکومتیں بھی اپنے اپنے انتظامی دائرہ کار میں تعطیلات کے سلسلے میں ضروری اقدامات کریں گی، ان دنوں سرکاری دفاتر، تعلیمی ادارے اور متعدد سرکاری و نیم سرکاری ادارے بند رہیں گے۔
اسلام آباد میں ڈبل سواری پر پابندی
دریں اثنا یومِ عاشورہ کے موقع پر ملک بھر میں سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے اور جلوسوں و مجالس کے شرکا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ڈبل سواری پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، انتظامیہ کے مطابق پابندی کا مقصد کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی روک تھام اور سکیورٹی خطرات کو کم کرنا ہے۔
جلوسوں اور امام بارگاہوں کی سخت نگرانی
حکام کا کہنا ہے کہ عاشورہ کے دوران جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ نگرانی کے خصوصی انتظامات بھی کیے جا رہے ہیں، سکیورٹی ادارے مرکزی اور ذیلی جلوسوں کی مسلسل نگرانی کریں گے تاکہ عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
موبائل فون خدمات معمول کے مطابق دستیاب رہنے کاامکان
انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ڈبل سواری پر پابندی کے باوجود موبائل فون خدمات معمول کے مطابق دستیاب رہنے کا امکان ہے تاہم اس حوالے سے ابھی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ۔
عوام کو ضابطۂ اخلاق پر عمل کی ہدایت
حکومت اور سکیورٹی اداروں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ عاشورہ کے دوران جاری کردہ ضابطۂ اخلاق اور انتظامی ہدایات پر عمل کریں، جلوسوں کے راستوں سے متعلق ٹریفک پلان کا خیال رکھیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں تاکہ یومِ عاشورہ کے اجتماعات پرامن اور محفوظ ماحول میں منعقد ہو سکیں۔