پاکستان کے سیکیورٹی اداروں نے پاک افغان سرحد کے قریب واقع ژوب کے علاقے سمبزہ میں ایک بڑی انسداد دہشت گردی کارروائی کے دوران افغانستان سے دراندازی کرنے والے فتنۃ الہندوستان کے 50 خوارج دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق فتنۃ الہندوستان کے خوارج دہشتگردوں سے متعلق خفیہ معلومات پر مبنی آپریشن 7 سے 9 اگست 2025 تک جاری رہا، جس میں 47 بھارتی حمایت یافتہ خوارج مارے گئے۔ اس کے بعد 10 اور 11 اگست کی درمیانی شب کو علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، جس کے دوران مزید 3 دہشتگردوں کو کامیابی سے ٹھکانے لگایا گیا۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ کارروائیاں فتنۃ الہندوستان کے خوارج دہشتگردی کے خاتمے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے والی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے کی جا رہی ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں کے تحفظ اور پاکستان میں امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں‘۔