سعودی عرب میں روزگار کے مواقع تلاش کرنے والے پاکستانیوں کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
بلیو کالر (یعنی ہنر مند یا غیر ہنر مند مزدور پیشے) ملازمتوں کے شعبے میں سعودی حکومت اور نجی ادارے نئی اصلاحات اور بھرتی کے عمل میں شفافیت لانے کی کوششوں میں مصروف ہیں، یہ اقدامات پاکستانی افرادی قوت کے لیے ایک سنہری موقع بن سکتے ہیں ، خاص طور پر اُن افراد کے لیے جو محدود تعلیمی قابلیت کے باوجود خلیجی ممالک میں بہتر مستقبل کی تلاش میں ہیں۔
اس حوالے سے حال ہی میں راولپنڈی میں پہلی بار ڈرائیونگ ٹیسٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں 20 امیدواروں کی اسسمنٹ مکمل کرلی گئی۔
راولپنڈی میں منعقد ہونے والے ڈرائیونگ ٹیسٹ میں حصہ لینے والے 20 امیدواروں نے موٹر سائیکل، کار اور ٹیکسی ڈرائیورز نے کمپیوٹر اور پریکٹیکل ٹیسٹ دیا۔
ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو تکامل ہولڈنگ سعودی عرب کی جانب سے سرٹیفکیٹ جاری ہوں گے جس کے تحت وہ مملکت میں بلیو کالر جابز کے اہل قرار پائیں گے۔
ڈرائیونگ ٹیسٹ کا اسسمنٹ انچارج لائسنس برانچ، نیفڈیک نمائندے اور اسسمنٹ افسران موجودگی میں ہوا۔ سٹی ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ بیرونِ ملک روزگار کے خواہشمند افراد کے لیے سنہری موقع ہے۔
انہوں نے پہلے ٹیسٹ کی شفافیت اور کامیابی پر عملے کو شاباش دی اور کہا کہ سٹی ٹریفک پولیس شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ شہری قانونی طریقہ اختیار کر کے اپنے خوابوں کو حقیقت بنائیں۔
سعودی عرب میں بلیو کالر ملازمتوں کے لیے پاکستانیوں کے دروازے کھلتے جا رہے ہیں، مگر اس میں کامیابی صرف اُن افراد کو ملے گی جو بااعتماد، تربیت یافتہ اور محتاط انداز سے یہ سفر طے کریں گے۔