وزیراعظم شہباز شریف نے معرکۂ حق اور یومِ آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 10 مئی 2025 کو ایک نئی قوم ابھر کر سامنے آئی۔ انہوں نے تحریکِ پاکستان کے تمام قائدین اور کارکنوں کو سلامِ عقیدت پیش کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بھارت کی آنے والی نسلیں اس شکست کو یاد رکھیں گی، چار دن کے اندر بھارت کا غرور خاک میں مل گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل کی قائدانہ صلاحیت کے باعث بھارت کے خلاف عظیم فتح حاصل ہوئی۔
انہوں نے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے جنگ بندی کے لیے کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ ٹرمپ مسئلہ کشمیر کے حل میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہماری ایٹمی سوچ جارحانہ نہیں ہے، پاک فوج نے بھارت کو جو سبق سکھایا ہے، اسے ان کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں معرکۂ حق اور 78ویں جشنِ آزادی کی تقریب جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں جاری ہے، جس میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہیں۔
تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری اور سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی شریک ہیں۔ اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف، ایئر چیف، دوست ممالک کے سفرا، وفاقی وزرا، ارکانِ پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر یوم آزادی اور معرکہ حق کی مرکزی تقریب میں شریک ہیں۔
تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کیا، جبکہ پاک آرمی، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے چاق و چوبند دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ پیش کیا۔ قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پُرتپاک استقبال کیا اور سلامی پیش کی، جبکہ علم بردار دستے نے بھی شاندار مارچ پاسٹ کیا۔
ملک بھر میں یومِ آزادی کی تیاریاں مکمل ہیں۔ اسلام آباد، پشاور، لاہور سمیت تمام چھوٹے بڑے شہروں میں سرکاری و نجی عمارتیں قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجا دی گئی ہیں۔ شہروں، قصبوں اور دیہات میں قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیاء کے اسٹالز لگائے گئے ہیں جہاں شہری خریداری میں مصروف ہیں۔ قومی رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹس، بیجز اور اسٹیکرز لوگوں کی خصوصی توجہ حاصل کر رہے ہیں۔
یوم آزادی اور معرکہ حق کی مرکزی تقریب، 2 اسلامی ممالک کے فوجی دستوں کا مارچ پاسٹ
اسلام آباد کے جناح اسپورٹس اسٹیڈیم میں یومِ آزادی اور معرکۂ حق کی مرکزی تقریب میں 2 اسلامی ممالک کے فوجی دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا۔
تقریب میں مسلح افواج نے پریڈ اور فضائی مظاہرہ کیا، جبکہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان تقریب میں موجود تھے۔
ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا۔ دوست ممالک کے فوجی دستوں میں آذربائیجان اور ترکیہ کی افواج نے مارچ پاسٹ کر کے شرکاء سے بھرپور داد حاصل کی۔
اس موقع پر وفاقی کابینہ کے ارکان، قومی اسمبلی اور سینیٹ کے اراکین، دوست ممالک کے سفرا اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔