خیبرپختونخوا حکومت نے باجوڑ میں جاری انٹیلیجنس کی بنیاد پر کیے جانے والے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے متاثرین (آئی ڈی پیز) کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے۔
چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے سول سیکرٹریٹ میں پرچم کشائی کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہاب علی شاہ نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز باجوڑ میں دہشتگرد عناصر کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض دیہاتوں کے مکینوں نے اپنی حفاظت کے پیش نظر عارضی طور پر نقل مکانی کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’صوبائی کابینہ نے متاثرہ افراد کے لیے 5 ارب روپے کی منظوری دے دی ہے،‘ اور امید ظاہر کی کہ علاقے میں جلد امن بحال ہو جائے گا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ دہشتگردی کا ارتکاب شدت پسندوں کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی ذمہ داری ہے کہ وہ انہیں روکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی موجودہ صورتحال کا گہرا تعلق پڑوسی ممالک میں ہونے والی پیش رفت سے ہے۔
باجوڑ میں جاری یہ آپریشن حالیہ مہینوں میں علاقے میں دہشتگردی کی نئی لہر کے بعد صوبائی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے امن و امان کی بحالی کی ایک اہم کوشش ہے۔
حکام نے متاثرہ افراد سے صبر و تحمل اور تعاون کی اپیل کی ہے، اور یقین دلایا ہے کہ صورتحال بہتر ہوتے ہی ان کی واپسی اور بحالی کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔